اتفاق میں برکت ہے کہانی – سبق آموز بچوں کی مختصر کہانیاں
Itfaq Main Barkat Hai Story in Urdu

آج ہم بچوں کی مختصر سبق آموز کہانیاں میں سے ایک کہانی، اتفاق میں برکت ہے کہانی سنائیں گے، جو دو بھائیوں کے درمیان محبت، تعاون اور اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ اس سبق آموز کہانی میں دکھایا گیا ہے، کہ جب لوگ مل کر کام کرتے ہیں تو کامیابی ان کے قدم چومتی ہے۔ دیکھیں، کیسے اتحاد اور محبت نے دو بھائیوں کی زندگی بدل دی! تو چلیں کہانی شروع کرتے ہیں۔
ایک گاؤں میں دو بھائی، علی اور بلال، اپنے والدین کے ساتھ رہتے تھے۔ ان کے والد ایک محنتی کسان تھے، جو دن رات کھیتوں میں کام کرتے اور اپنے بچوں کو اتحاد اور محبت سے رہنے کی تلقین کرتے۔ ان کی والدہ بھی ہمیشہ یہی کہتیں، "بیٹا، اتفاق میں برکت ہے۔ اگر تم دونوں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دو گے تو کبھی ناکام نہیں ہو گے۔”
علی اور بلال ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے تھے، مگر کبھی کبھار معمولی باتوں پر جھگڑ بھی لیتے تھے۔ ایک دن ان کے والد بیمار ہو گئے، اور کھیتوں کا سارا کام ان دونوں بھائیوں کے ذمے آ گیا۔ پہلے پہل دونوں نے مل کر کام کیا، مگر کچھ ہی دنوں بعد علی کو لگا کہ بلال کام کم کرتا ہے اور بلال کو شکایت ہونے لگی کہ علی زیادہ حکم چلاتا ہے۔ رفتہ رفتہ دونوں میں ناراضگی بڑھنے لگی اور انہوں نے علیحدہ کام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اب علی اپنے کھیت میں اکیلا کام کرتا اور بلال اپنے کھیت میں۔ دونوں کو لگا کہ اکیلے کام کرنا زیادہ آسان ہوگا، لیکن حقیقت اس کے برعکس تھی۔ بلال کو ہل چلانے میں مشکل پیش آتی تو علی پانی لگانے میں پریشان ہو جاتا۔ فصل کی دیکھ بھال بھی دونوں کے لیے مشکل ہو گئی اور کچھ ہی دنوں میں کھیتوں کی حالت خراب ہونے لگی۔
ایک دن گاؤں کے بزرگ رحمت چچا ان کے پاس آئے اور مسکرا کر بولے، "بیٹا، میں تمہیں ایک چھوٹا سا تجربہ کر کے دکھاتا ہوں۔” انہوں نے دونوں بھائیوں کو بلایا اور ایک ایک لکڑی پکڑنے کو کہا۔ پھر انہیں کہا کہ وہ اسے توڑیں۔ دونوں نے آسانی سے لکڑیاں توڑ دیں۔ اس کے بعد رحمت چچا نے ایک گٹھری میں دس لکڑیاں باندھیں اور کہا، "اب اسے توڑ کر دکھاؤ۔” علی اور بلال نے پوری طاقت لگا دی، مگر لکڑیوں کی گٹھری ٹوٹ نہ سکی۔
رحمت چچا نے نرمی سے کہا، "دیکھو، جب تم اکیلے تھے تو لکڑی آسانی سے ٹوٹ گئی، لیکن جب لکڑیاں ایک ساتھ ہو گئیں، تو انہیں کوئی بھی نہیں توڑ سکا۔ یہی حال تم دونوں کا بھی ہے۔ اگر الگ الگ کام کرو گے تو مشکلات میں گھر جاؤ گے، مگر اگر مل کر کام کرو گے تو کامیابی تمہارے قدم چومے گی۔”
یہ سن کر علی اور بلال کو اپنی غلطی کا احساس ہوا۔ انہوں نے دوبارہ ایک ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنے کھیتوں کو مل کر سنوارا۔ اب وہ پہلے سے زیادہ محنت اور خوشی کے ساتھ کام کرنے لگے۔ کچھ ہی مہینوں میں ان کی فصل سرسبز ہو گئی اور گاؤں کے سب لوگ ان کی محنت اور اتحاد کی مثالیں دینے لگے۔
یہ کہانی ہمیں سکھاتی ہے کہ "اتفاق میں برکت ہے”۔ جب لوگ مل کر کام کرتے ہیں، تو وہ بڑی سے بڑی مشکل کو بھی آسانی سے حل کر سکتے ہیں۔ اگر ہم بھی اپنی زندگی میں اتحاد اور محبت کو اپنائیں، تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی! امید ہے آپ کو یہ کہانی پسند آئی ہو گئی اور آپ نے بھی یہ سبق حاصل کیا ہوگا. کہ کیسے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور اتفاق سے رہنا ہے. تاکہ زندگی میں کسی بھی مشکل کو آسانی سے حل کر لیں.