اردو خبریںٹیکنالوجی

سائنسدانوں نے سولر پینلز کے لیے بہترین زاویہ تلاش کر لیا

بھارت کی ویلور انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں نے حالیہ تحقیق میں بتایا کیا ہے کہ 30 ڈگری زاویے پر نصب کیے گئے سولر پینلز زیادہ توانائی پیدا کرتے ہیں۔ یہ تحقیق خاص طور پر سفید رنگ کی عکاسی کرنے والی سطحوں پر دو طرفہ (بائفیشل) سولر پینلز کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے کے لیے کی گئی۔ اس مطالعے کا مقصد یہ جانچنا تھا کہ مختلف زاویے پینلز کی توانائی کی پیداوار پر کیا اثرات مرتب کرتے ہیں۔

تحقیق کی سربراہی کرنے والے سائنسدان سپراوا چکرورتی نے بتایا کہ ہم نے ایسے زاویے کی تلاش کی جس سے زیادہ سے زیادہ توانائی حاصل کی جا سکے، جس میں سورج کی براہ راست شعاعوں کے ساتھ ساتھ ان شعاعوں کی عکاسی کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سفید رنگ کی سطح پر سولر پینلز کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں عکاسی کا کلیدی کردار ہے، اور یہ نتیجہ ظاہر کرتا ہے کہ زمین کی سطح کا رنگ اور نوعیت پینلز کی کارکردگی پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔

یہ تجربہ ہندوستانی صنعت کار کمپنی لوم سولر پرائیویٹ کی فراہم کردہ 440 واٹ کے بائفیشل مونوکرسٹل لائن پی ای آر سی پینلز پر کیا گیا، جنہیں ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی چھت پر مختلف زاویوں پر نصب کیا گیا تھا۔ پینلز کو فروری کے مہینے میں دھوپ والے دنوں میں 0 سے 90 ڈگری تک کے زاویوں پر نصب کیا گیا، اور صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہر گھنٹے بعد توانائی کی پیداوار کی پیمائش کی گئی۔

مزید  عمران خان کا راولپنڈی جلسہ منسوخ، اب 28 ستمبر کو احتجاج ہوگا

ماہرین نے مجموعی طور پر آٹھ مختلف زاویے آزمائے، جن میں 0 ڈگری (افقی) سے لے کر 90 ڈگری (عمودی) تک شامل تھے۔ تحقیق سے ثابت ہوا کہ جب بائفیشل سولر پینلز کو 30 ڈگری کے زاویے پر نصب کیا گیا تو انہوں نے 60 ڈگری کے زاویے کے مقابلے میں زیادہ بجلی پیدا کی۔ نتائج کے مطابق، 30 ڈگری زاویے پر نصب پینلز نے یومیہ اوسطاً 316.85 واٹ پاور پیدا کی، جبکہ دو طرفہ شعاعوں کا تناسب 0.20 سے 0.40 کے درمیان تھا، جو کہ بہترین کارکردگی کی علامت ہے۔

اس تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ سولر پینلز کو نصب کرنے کے زاویے میں درستگی توانائی کی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اور 30 ڈگری کا زاویہ زیادہ بجلی پیدا کرنے کے لئے بہترین ثابت ہوا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button