پنجاب حکومت کا کل صوبے میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

پنجاب حکومت نے کل صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا. پنجاب حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کل صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ صوبے میں بڑھتی ہوئی امن و امان کی خراب صورتحال اور طلبہ کے احتجاج کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، محکمہ اسکول ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز کو کل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل، پنجاب حکومت نے دو دن کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا تھا، جس کے تحت کسی بھی قسم کے عوامی اجتماعات، جلوس اور احتجاج پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ اقدام امن و امان کو برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ یہ پابندی 18 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک نافذ العمل رہے گی۔
پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ اس وقت عمل میں آیا جب راولپنڈی میں ایک نجی کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے کے بعد طلبہ کے احتجاج نے شدت اختیار کر لی۔ اس احتجاج میں کم از کم 250 طلبہ کو گرفتار کیا گیا جبکہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔
دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف نے کل ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔ یہ احتجاج مجوزہ آئینی ترمیم اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے مطالبے کے حق میں کیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کارکنوں سے پر امن احتجاج کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ آئینی ترامیم کے خلاف سب کو آواز اٹھانی چاہیے۔
یاد رہے کہ 14 اکتوبر کو لاہور کے ایک نجی کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کی خبر نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی تھی۔ اس واقعے کے بعد طلبہ و طالبات نے کالج میں شدید احتجاج کیا، جس دوران پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 27 طلبہ زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے احتجاج کرنے والے طلبہ کی نشاندہی پر کالج کے ایک سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لیا تھا، لیکن ابھی تک متاثرہ لڑکی کے اہلخانہ کی جانب سے مقدمہ درج نہیں کرایا گیا۔
پیر کی رات، اے ایس پی شہر بانو نقوی نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں مبینہ طور پر متاثرہ لڑکی کے والد اور چچا موجود تھے۔ اس ویڈیو میں کہا گیا کہ ان کی بیٹی کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہوئی بلکہ وہ گھر کی سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہوئی ہے اور اس وقت آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔