پنجاب میں موسلا دھار بارشیں جاری، ملتان میں 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں ملتان میں 48 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ صرف دو گھنٹوں میں 147 ملی میٹر بارش نے شہر کی سڑکوں اور گلیوں کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں شدید بارشوں نے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ ملتان، جہلم، بہاولپور، خانیوال، اور میاں چنوں سمیت مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں۔ ملتان میں چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن پر ریکارڈ توڑ بارش نے لوگوں کی زندگیوں کو متاثر کیا ہے، جبکہ خواجہ فرید سوشل سیکیورٹی اسپتال کے وارڈز بھی بارش کے پانی سے بھر گئے ہیں، جس سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ملک بھر کے مختلف شہروں میں مون سون کی بارشوں نے جل تھل ایک کر دیا ہے، اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے سے لوگوں کی زندگی مزید مشکل ہو گئی ہے۔ ایم ڈی واسا خالد رضا خان نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے نکاسی آب کے عمل کی نگرانی خود سنبھال لی ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 31 اگست تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
اس دوران، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے۔