
زبان کی خوبصورتی اس کے الفاظ اور ان کے مناسب استعمال میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ الفاظ مترادف کا صحیح انتخاب تحریر اور گفتگو کو مؤثر اور دلکش بناتا ہے۔ یہاں طلبا کے لیے الفاظ کی تعریف اور مترادف کی تعریف بہت آسان زبان میں بیاں کی گئی ہے اور ان کو مثالوں سے واضع کیا گیا ہے تاکہ طلبا انکو یاد کرکے امتحانات میں بہترین نمبر لے سکیں
الفاظ کی تعریف
الفاظ زبان کی بنیادی اکائی ہوتے ہیں جو کسی خیال، جذبے یا چیز کو بیان کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ ہر لفظ کا ایک خاص معنی ہوتا ہے اور یہ مختلف جملوں میں اپنا مفہوم ظاہر کرتا ہے۔
مترادف کی تعریف
مترادف وہ الفاظ ہوتے ہیں جن کے معنی ایک جیسے یا ملتے جلتے ہوں، مگر الفاظ کی ساخت مختلف ہو۔ مترادفات کا استعمال تحریر اور گفتگو کو زیادہ مؤثر اور خوبصورت بناتا ہے۔
مترادف الفاظ کی فہرست ( ہم معنی الفاظ/مترادف الفاظ )
لفظ | مترادف |
---|---|
خوشی | مسرت، شادمانی |
غم | اداسی، ملال |
عقل | دانائی، ہوش |
محبت | الفت، پیار |
دشمن | مخالف، حریف |
بہادر | دلیر، جری |
طاقت | قوت، زور |
روشنی | اجالا، نور |
تاریکی | اندھیرا، ظلمت |
شوق | لگن، دلچسپی |
صبر | تحمل، برداشت |
دولت | مال، خزانہ |
نیکی | بھلائی، خیر |
امید | آس، توقع |
خوف | ڈر، دہشت |
خاموشی | سکوت، چپ |
سچ | حقیقت، صداقت |
جھوٹ | فریب، دروغ |
عزت | احترام، وقار |
محنت | کوشش، جدوجہد |
الفاظ اور مترادف کے جملوں میں استعمال کی مثالیں
طلبا کو الفاظ اور ان کے مترادف کو بہتر طریقے سے سمجھنے کے لیے جملوں کی مثالیں دی جا رہی ہیں۔ یہ جملے آسان اور عام فہم انداز میں لکھے گئے ہیں تاکہ وہ ان الفاظ کو اپنی تحریر اور گفتگو میں بآسانی استعمال کر سکیں۔
1. خوشی – مسرت، شادمانی
- امتحان میں کامیابی پر احمد کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا۔
- سالگرہ کے موقع پر بچوں کے چہروں پر مسرت جھلک رہی تھی۔
- عید کی صبح سب کے دل شادمانی سے بھرے ہوتے ہیں۔
2. غم – اداسی، ملال
- دوست کی جدائی کا غم اسے ہمیشہ محسوس ہوتا ہے۔
- بارش نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کے چہروں پر اداسی تھی۔
- اپنی غلطی کا احساس ہوتے ہی علی کو سخت ملال ہوا۔
3. عقل – دانائی، ہوش
- ہمیں ہر مسئلے کو عقل سے حل کرنا چاہیے۔
- دانائی اسی میں ہے کہ جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہ کیا جائے۔
- ہوش مندی کا تقاضا ہے کہ ہر بات کو سوچ سمجھ کر کہا جائے۔
4. محبت – الفت، پیار
- والدین کی محبت دنیا کی سب سے بڑی دولت ہے۔
- استاد اور شاگرد کے درمیان الفت ہونی چاہیے۔
- چھوٹوں سے پیار اور بڑوں کی عزت کرنی چاہیے۔
5. دشمن – مخالف، حریف
- ایک اچھے انسان کو اپنے دشمن سے بھی اچھا برتاؤ کرنا چاہیے۔
- ہمارے مخالف ہمیں ہرانے کے طریقے سوچ رہے تھے۔
- کرکٹ کے میدان میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کی حریف تھیں۔
6. بہادر – دلیر، جری
- بہادر انسان ہر مشکل کا سامنا کر سکتا ہے۔
- جری لوگ ہمیشہ سچ بولتے ہیں۔
- ایک دلیر سپاہی ملک کی حفاظت کے لیے جان قربان کر دیتا ہے۔
7. طاقت – قوت، زور
- علم ہی اصل طاقت ہے۔
- اچھے اخلاق میں بہت قوت ہوتی ہے۔
- اس نے دروازہ کھولنے کے لیے زور لگایا۔
8. روشنی – اجالا، نور
- سورج کی روشنی ہر چیز کو چمکا دیتی ہے۔
- گھر میں چراغ جلتے ہی اجالا ہو گیا۔
- قرآن کی تعلیم دلوں میں نور پیدا کرتی ہے۔
9. تاریکی – اندھیرا، ظلمت
- رات کی تاریکی میں چاند کی چمک بہت خوبصورت لگتی ہے۔
- کمرے میں اندھیرا تھا، اس لیے کچھ نظر نہیں آ رہا تھا۔
- جہالت ایک ایسی ظلمت ہے جسے علم ہی دور کر سکتا ہے۔
10. شوق – لگن، دلچسپی
- زبیر کو کتابیں پڑھنے کا بہت شوق ہے۔
- اگر کامیابی حاصل کرنی ہے تو لگن سے کام کرنا ہوگا۔
- ہاجرہ کو سائنسی موضوعات میں بہت دلچسپی ہے۔
11. صبر – تحمل، برداشت
- مشکل وقت میں صبر کرنا ہی عقل مندی ہے۔
- اچھے تعلقات کے لیے تحمل بہت ضروری ہے۔
- پریشانی میں انسان کی برداشت کا امتحان ہوتا ہے۔
12. دولت – مال، خزانہ
- سچائی سب سے بڑی دولت ہے۔
- ایمانداری مال و دولت سے زیادہ قیمتی ہوتی ہے۔
- نیکی کا خزانہ ہر انسان کے پاس ہونا چاہیے۔
13. نیکی – بھلائی، خیر
- نیکی کا بدلہ ہمیشہ نیکی ہوتا ہے۔
- دوسروں کے ساتھ بھلائی کرنے سے دل کو سکون ملتا ہے۔
- غریبوں کی مدد کرنا ایک بہت بڑی خیر ہے۔
14. امید – آس، توقع
- محنت کرنے والوں کو ہمیشہ اچھی امید رکھنی چاہیے۔
- سب کو آس تھی کہ بارش جلد ہوگی۔
- امتحان میں اچھی کارکردگی کی توقع سب کو تھی۔
15. خوف – ڈر، دہشت
- اندھیرے میں علی کو خوف محسوس ہو رہا تھا۔
- سانپ کو دیکھ کر سب کے چہروں پر ڈر تھا۔
- جنگ کی دہشت پورے شہر میں پھیلی ہوئی تھی۔
16. خاموشی – سکوت، چپ
- کمرے میں مکمل خاموشی تھی۔
- پہاڑوں کی خوبصورتی اور سکوت دل کو سکون دیتا ہے۔
- جب استاد نے گھورا تو پورا کلاس روم چپ ہو گیا۔
17. سچ – حقیقت، صداقت
- ہمیشہ سچ بولنا چاہیے۔
- حقیقت یہ ہے کہ محنت کا کوئی نعم البدل نہیں۔
- صداقت پر قائم رہنے والا شخص ہمیشہ کامیاب ہوتا ہے۔
18. جھوٹ – فریب، دروغ
- جھوٹ بولنے سے اعتماد ختم ہو جاتا ہے۔
- فریب دینے والا شخص کبھی عزت نہیں پاتا۔
- دروغ گوئی سے سچائی کی روشنی مدھم ہو جاتی ہے۔
19. عزت – احترام، وقار
- دوسروں کی عزت کرنے سے خود بھی عزت ملتی ہے۔
- استاد کا احترام ہر طالب علم پر فرض ہے۔
- ایمانداری انسان کے وقار میں اضافہ کرتی ہے۔
20. محنت – کوشش، جدوجہد
- محنت کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے۔
- کامیابی کے لیے ہر انسان کو کوشش کرنی چاہیے۔
- زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے جدوجہد ضروری ہے۔
یہ مضمون خاص طور پر طلبا کے لیے لکھا گیا ہے تاکہ وہ امتحان میں اچھے نمبر حاصل کر سکیں۔ الفاظ مترادف کو سمجھنا اور یاد رکھنا، اردو زبان میں مہارت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔ تحریر میں مترادفات کا درست استعمال نہ صرف جملوں کو زیادہ خوبصورت بناتا ہے بلکہ زبان میں روانی بھی پیدا کرتا ہے۔ ہم الفاظ مترادف کی فہرست کو اپ ڈیٹ کرتے رہیں گے تاکہ ہر کلاس اور جماعت کے طلبا اس سے فائدہ آٹھا سکیں