عثمان قادر کرکٹ سے ریٹائر: مواقع نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار

قومی کرکٹ ٹیم کے مشہور لیگ اسپنر عثمان قادر نے اپنے کیریئر کے اختتام کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے انہیں مناسب مواقع نہ ملنے اور این او سی (نیشنل اوورسیز کنٹریکٹ) پالیسی پر مایوسی کا سامنا کرنے کے بعد انہوں نے کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
عثمان قادر نے اس اعلان کے دوران اپنے شاندار کیریئر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہمیشہ ان کے لیے ایک بڑا اعزاز رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں ان کا سفر بہت خوبصورت رہا اور وہ ہمیشہ پاکستان کی نمائندگی کو اپنی کامیابیوں کا اہم حصہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں خاص طور پر کوچز اور ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی مکمل حمایت کی۔ عثمان نے مزید کہا کہ وہ اپنی کرکٹ کیریئر کے بعد نئے باب میں قدم رکھ رہے ہیں اور اپنے مرحوم والد عبدالقادر کی وراثت کو آگے بڑھانے کا عزم رکھتے ہیں۔
عثمان قادر، جو کہ پاکستان کے لیجنڈری ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے صاحبزادے ہیں، نے اپنے کیریئر میں ایک ون ڈے اور 25 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں کرکٹ چھوڑنے کا دکھ ہے، مگر وہ فخر سے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کھیل کی خدمت جاری رکھیں گے۔