کامران غلام کا شاندار کارنامہ اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنا ڈالی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کامران غلام نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنا ڈالی، جو ان کی کرکٹ کیریئر کا ایک یادگار لمحہ ہے۔
کامران غلام نے 192 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی، جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ، کامران غلام پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری کرنے والے 13ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔
یہ کامیابی کامران کے لیے اور بھی خاص ہے کیونکہ وہ پانچ سال کے طویل انتظار کے بعد اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری کرنے میں کامیاب رہے۔ اس سے قبل 2019 میں عابد علی نے بھی پاکستان کی جانب سے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔ عابد علی نے یہ کارنامہ ون ڈے میچ میں بھی انجام دیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے ڈیبیو ون ڈے میں بھی سنچری بنائی تھی۔
پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے پہلے خالد عباداللہ نے 1964 میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کی تھی۔ اس کے بعد یاسر حمید نے اپنے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنائی تھیں، اور انہیں ڈیبیو پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہوا۔ یاسر حمید نے 2003 میں بنگلہ دیش کے خلاف 170 اور 105 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔
پاکستانی کرکٹ میں مزید کئی بڑے نام بھی ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ان میں جاوید میانداد، سلیم ملک، محمد وسیم، علی نقوی، اظہر محمود، یونس خان، فواد عالم اور توفیق عمر جیسے مایہ ناز کھلاڑی شامل ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ علی نقوی اور اظہر محمود نے ایک ہی ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرتے ہوئے سنچریاں بنائی تھیں، جو پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک یادگار موقع تھا۔