درخواستیں

درخواست لکھنے کا طریقہ،درخواست نویسی کی تعریف اور اقسام

Urdu me Ddarkhast Likhne Ka Tarika | How to write application in Urdu

 

درخواست نویسی ایک اہم مہارت ہے جو تعلیمی اور عملی زندگی میں بہت کام آتی ہے۔ یہ ایک تحریری طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنے مسائل، درخواستیں یا خواہشات کسی مجاز افسر یا ادارے تک پہنچاتے ہیں۔ درخواست لکھنے کے کچھ خاص اصول اور طریقے ہوتے ہیں جن پر عمل کر کے ہم اپنی درخواست کو مؤثر اور کامیاب بنا سکتے ہیں۔ یہاں ہم اردو میں درخواست لکھنے کا طریقہ،درخواست نویسی کی تعریف اور درخواست کی اقسام کے بارے میں تفصیل بتائیں گے

درخواست نویسی کی تعریف

درخواست فارسی زبان کا لفظ ہے، جس کے لغوی معنی عرضی، گزارش، عرض داشت، عرض، خواہش یا آرزو کے ہیں۔ اصطلاحی طور پر انفرادی یا اجتماعی مسئلہ تحریری طور پر کسی مجاز افسر یا حاکم تک پہنچانے کو درخواست کہا جاتا ہے۔درخواست نویسی یا  درخواست نگاری میں ادب اور پیشہ ورانہ طرزِ تحریر کا خاص خیال رکھا جاتا ہے تاکہ وہ افسر پر اچھا اثر ڈالے اور مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

مزید  پرنسپل کے نام درخواست برائے حصول کریکٹر سرٹیفکیٹ لکھیں

درخواست نویسی کے اصول و ضوابط:

درخواست لکھنے کے لیے درج ذیل اصولوں کو مدنظر رکھیں تاکہ وہ مؤثر، جامع اور پیشہ ورانہ ہو :

  1. مختصر اور جامع تحریر کریں:

    درخواست کو غیر ضروری طور پر لمبا نہ کریں۔ صرف اہم اور متعلقہ باتیں تحریر کریں۔

  2. نیا صفحہ استعمال کریں:

    ہمیشہ درخواست ایک نئے صفحے سے شروع کریں۔ اگر آپ نے پہلے کسی سوال کا جواب لکھا ہے تو اس کے بعد بچ جانے والا صفحہ چھوڑ دیں اور درخواست نئے صفحے پر لکھیں۔ اس سے درخواست صاف ستھری اور بہتر نظر آئے گی۔

    مخاطب کا درست عہدہ لکھیں:

    درخواست کے شروع میں اس شخص یا افسر کا ذکر کریں جس کو درخواست بھیجنی ہے۔جس شخص کو درخواست دی جا رہی ہے، اس کے عہدے کے ساتھ "جناب” یا "صاحب” کا استعمال کریں۔
    جناب اور صاحب دونوں عربی زبان کے الفاظ ہیں۔ ان دونوں کو ایک ساتھ لکھنا غلط ہے۔ مثلاً "جناب پرنسپل صاحب” درست نہیں ہے۔

    مثال:

  • بخدمت جناب پرنسپل
  • بخدمت جناب ڈپٹی کمشنر
  1. کالج یا شہر کا نام نہ لکھیں:

    کالج یا علاقے کے نام کی جگہ "الف۔ب۔ج” لکھیں۔

    مثال:

  • بخدمت جناب پرنسپل، الف۔ب۔ج
  1. عنوان مختصر اور واضح رکھیں:

    درخواست کا عنوان ہمیشہ مختصر اور صاف ہونا چاہیے تاکہ فوراً پتہ چل جائے کہ درخواست کس بارے میں ہے۔
    مثال کے طور پر:

    مثال:

  • درست: عنوان: درخواست برائے فیس معافی
  • غلط: فیس معاف کرنے کی درخواست کے لیے عرض
  1. "جناب عالی!” کا استعمال:

    "جناب عالی!” کو صفحے کے دائیں جانب یا درمیان میں لکھیں اور اس کے بعد ندائیہ (!) کی علامت ضرور لگائیں۔اضافی القاب یا غلط تعظیمی الفاظ استعمال کرنے سے گریز کریں۔

    یاد رکھیں کہ "جنابہ عالیہ” یا "جناب عالیہ” لکھنا غلط ہے۔

  2. نفس مضمون کا آغاز:

    درخواست کے متن کا آغاز مودبانہ کلمات سے کریں، مثلاً:

  • مودبانہ التماس ہے کہ۔۔۔
  • گزارش ہے کہ۔۔۔
  • نہایت ادب سے ملتمس ہوں کہ۔۔۔
  • ادب و احترام کا خیال رکھیں:
  • القاب لکھنے میں درست الفاظ کا انتخاب کریں، مثلاً:
    • جنابِ عالی!
      "جنابِ عالی!” کے بعد ندائیہ (!) کی علامت ضرور لگائیں۔
  1. صحیح الفاظ کا استعمال:

    "برائے مہربانی” کے بجائے "براہِ مہربانی” لکھیں کیونکہ یہ درست اردو ہے۔

  2. اختتام پر دستخط اور تاریخ:

    درخواست کے آخر میں صفحے کے بائیں جانب "العارض” یا "عرض گزار” لکھیں اور اس کے نیچے تاریخ درج کریں۔

  3. تابع فرما یا مخلص لکھیں:

    اختتام پر "تابع فرما” یا "آپ کا مخلص” تحریر کریں۔ یاد رکھیں کہ "تابعدار” کا استعمال نہ کریں کیونکہ اس کے معنی ہیں "تابع رکھنے والا”۔

  4. درخواست کے متن کو تین حصوں میں تقسیم کریں:

(1) آغاز یا تمہید:

چند تمہیدی کلمات سے آغاز کریں، مثلاً:

  • مودبانہ گزارش ہے کہ۔۔۔
  • نہایت ادب سے التماس ہے کہ۔۔۔
  • نہایت ادب سے گزارش ہے کہ۔۔۔
(2) اصل مدعا:

تمہید کے بعد درخواست کا اصل مقصد یا مسئلہ بیان کریں۔اصل مقصد یا مسئلہ واضح اور آسان زبان میں بیان کریں۔ کوشش کریں کہ مدعا مختصر ہو لیکن اگر تفصیل ضروری ہو تو اسے  اسے دو یا تین پیراگراف میں بیان کریں۔

(3) اختتام:

درخواست کے آخر میں شکریہ کے الفاظ اور امید کا اظہار کریں، مثلاً:

  • میں آپ کا شکر گزار رہوں گا۔
  • امید ہے کہ آپ میری درخواست پر غور فرمائیں گے۔
  • اسی طرح "ممنون ہوں گا” یا "شکر گزار ہوں گا” استعمال کریں، "مشکور ہوں گا” سے گریز کریں کیونکہ اس کے معنی مختلف ہیں۔
(4) اختتام پر دستخط اور تاریخ لکھیں:

درخواست کے آخر میں صفحے کی بائیں طرف "العارض” یا "درخواست گزار” لکھیں اور دائیں طرف تاریخ درج کریں۔ تاریخ اردو اعداد میں اور مہینے کے نام اردو میں لکھیں، مثلاً: ۲۔ جنوری ۲۰۲۵۔

درخواست نویسی کا نمونہ:

بخدمت جناب پرنسپل، الف۔ب۔ج
عنوان: درخواست برائے فیس معافی

جناب عالی!
مودبانہ التماس ہے کہ میں آپ کے ادارے میں گزشتہ ایک سال سے زیر تعلیم ہوں۔ میرا شمار ہمیشہ محنتی اور لائق طلبا میں ہوا ہے۔ گزشتہ سال میں نے امتحانات میں شاندار کارکردگی دکھائی اور صوبائی تقریری مقابلے میں اول انعام حاصل کیا۔

بدقسمتی سے، میرے والد صاحب کا کارخانہ دو ماہ قبل بند ہو چکا ہے، اور وہ اس وقت بے روزگار ہیں۔ ان حالات میں میرے تعلیمی اخراجات پورے کرنا ممکن نہیں رہا۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ میری سابقہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے میری فیس معاف کرنے کا احسان کریں تاکہ میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکوں۔

آپ کی ہمدردی کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔

العارض:
نام: (آپ کا نام)
تاریخ: ۲۔ جنوری ۲۰۲٥ء

امید ہے اس مضمون کے بعد آپ ایک اچھی درخواست لکھنے کا طریقہ سیکھ گئے ہوں گے

مزید  درخواست برائے حصول ملازمت | نوکری کی درخواست لکھنے کا طریقہ

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button