Monday, September 25, 2023
ہوماسلامنعت شریفآقا کی ولادت کی گھڑی سب سے الگ ہے

آقا کی ولادت کی گھڑی سب سے الگ ہے

خوشیاں ہیں بہت، پر یہ خوشی سب سے الگ ہے
کونین میں میلادِ نبی سب سے الگ ہے

اُس جیسی زمانے میں نہیں ہے کوئی ساعت
آقا کی ولادت کی گھڑی سب سے الگ ہے

نبیوں کی زباں دیتی رہی جس کی بشارت
وہ ہاشمی و مطّلبی سب سے الگ ہے

” لاَ” اُس کے لبِ جٗود سے صادر نہیں ہوتا
واللہ مدینے کا سخی سب سے سے الگ ہے

جو چاہیں عطا کردیں ، جسے چاہیں نوازیں
قدرت میں یدِ مُصطَفَوی سب سے الگ ہے

مخلوق میں سرکار کا ہمسر نہیں کوئ
اعزازِ رسول عربی سب سے الگ ہے

آقا جو مخاطِب ہوں تو بول اٹھّیں حجر بھی
سرکار کی شیریں سُخَنی سب سے الگ ہے

حیوان بھی دکھ درد بیاں کرتے ہیں ان سے
آقا کی مرے، چارہ گری سب سے الگ ہے

ہر گوشۂ کونین کو وہ دیکھ رہے ہیں
وُسعت میں نگاہِ نَبَوی سب سے الگ ہے

جنت کے نظاروں کو بھی رشک آتا ہے جس پر
سرکار مدینہ کی گلی سب سے الگ ہے

بے مثل ہے رنگِ چَمَنِستانِ محمد
ہرگُل جدا، ہرایک کلی سب سے الگ ہے

فطرت میں ہے خونِ شہ عالم کی تجلی
سادات کاحُسنِ نَسَبی سب سے الگ ہے

جانبازی کو بھی ناز ہے اُس مَرد جری پر
اللہ کے شیروں میں علی سب سے الگ ہے

ہر ظلم سہا ، دامنِ سرکار نہ چھوڑا
کردارِ بلال حبشی سب سے الگ ہے

لاکھوں نے نبوت کا شرف پایا فریؔدی
لیکن مرا مکّی مدنی سب سے الگ ہے

متعلقہ مضامین

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

متعلقہ