coffee cup 56

کافی پینے والے افراد لمبی عمر پاتے ہیں، تحقیق

یورپ میں تقریباً 20 ہزار افراد پر کیے گئے 17 سالہ سروے کے بعد ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ جو لوگ زیادہ کافی پیتے ہیں وہ ایک طرف تو بیماریوں سے کم متاثر ہوتے ہیں تو دوسری جانب لمبی عمر بھی پاتے ہیں۔
یورپین سوسائٹی آف کارڈیالوجی کے مطابق اس سروے میں تقریباً تمام یورپی ممالک کا احاطہ کیا گیا تھا البتہ بحیرہ روم سے متصل یورپی علاقے اس سروے میں شامل نہیں کیے گئے۔
مطالعے کی ابتداء میں مختلف یورپی ممالک سے 19,896 رضاکار شامل کیے گئے جن کی اوسط عمر 37 سال اور 8 مہینے تھی۔ 17 سالہ مدت میں ان افراد کے کھانے پینے اور چلنے پھرنے کے روزمرہ معمولات کے علاوہ انہیں ہونے والی بیماریوں اور صحت کے دیگر مسائل پر بھی نظر رکھی گئی۔
مطالعے کے اختتام پر معلوم ہوا کہ جن لوگوں نے روزانہ اوسطاً 4 کپ کافی پی تھی ان میں کسی بھی وجہ سے ناگہانی موت کے امکانات ایسے افراد کے مقابلے میں 64 فیصد کم تھے جو کافی نہیں پیتے تھے۔
کافی کی روزانہ مقدار اور عمومی صحت میں تعلق کا تجزیہ کرنے پر معلوم ہوا کہ روزانہ 2 کپ کافی کے اضافی استعمال سے ناگہانی موت کے امکانات مزید 22 فیصد کم ہورہے تھے، چاہے وہ کسی بھی وجہ سے ہو۔ 45 سال یا اس سے زیادہ عمر والے افراد کےلیے 2 کپ اضافی کاپی استعمال کرنے کا یہی فائدہ 30 فیصد تک دیکھا گیا۔ البتہ نسبتاً کم عمر والے افراد میں زیادہ کافی استعمال کرنے کے فوائد اتنے نمایاں اور واضح نہیں تھے۔
اس تحقیق کے نتائج بارسلونا، اسپین میں منعقدہ ’’ای ایس سی کانگریس 2017‘‘ میں پیش کیے گئے ہیں جو 26 اگست کو شروع ہوئی اور 31 اگست تک جاری رہے گی۔

Source

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں